سعودی،14مارچ(ایجنسی) سعودی عرب کی وزارت محنت اور سماجی ترقی نے اسمارٹ فون پر ایک نئی ایپلی کیشن متعارف کرائی ہے جس کے ذریعے گھریلو خادماؤں کو بھرتی کیا جاسکتا ہے۔
وزارت نے اپنے الیکٹرانک مسنید پروگرام پر یہ نئی ایپلی کیشن متعارف کرائی ہے اور اس کو تمام اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ " وزارت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے پُرعزم ہے اور وہ
صارفین کے ڈیٹا کو محفوظ کرتے ہوئے بھرتی کے عمل کو سہولت بہم پہنچانا اور اسے تیز کرنا چاہتی ہے"۔
اس ذریعے نے مزید بتایا ہے کہ مسنید ایپلی کیشن سے دفاتر میں کاغذی کارروائی کم کرنے میں مدد ملے گی اور خادماؤں کی بھرتی کے عمل کو شفاف بنانے کی ضمانت بھی ملے گی۔اس نئی سروس سے صارفین کو اپنی بھرتی کی درخواست پر پیش رفت کا پتا چل سکے گا۔وہ لائسنس یافتہ درخواستوں کے بارے میں جان سکیں گے اور انھیں بھرتی کے عمل میں صرف ہونے والے وقت اور لاگت کا بھی پتا چل سکے گا۔